پشاور 27اکتوبر (آئی این ایس انڈیا)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے سینیٹ میں پارٹی کی واحد سینیٹر ستارہ ایاز کی پارٹی رکنیت ختم کر دی ہے۔ اُن پر اے این پی میں گروپ بندی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی دفتر باچا خان مرکز سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سینیٹر ستارہ ایاز پر پارٹی میں گروپ بنانے اور گروہ بندی کو فروغ دینے میں مصروف تھیں۔اعلامیے کے مطابق، ستارہ امتیاز پر اے این پی میں ذیلی تنظیموں سے بغاوت اور پارٹی منافی سرگرمیوں کا الزام تھا جس کی وجہ سے صوبائی صدر نے انہیں شوکاز نوٹس بھی جاری کیا تھا۔مبینہ طور پر سینیٹر ستارہ ایاز کو شوکاز نوٹس کے جواب میں ذاتی طور پر پارٹی کی صوبائی کابینہ میں پیش ہو کر موقف دینے کا موقع دیا گیا۔اے این پی کے اعلامیے کے مطابق، سینیٹر ستارہ پارٹی کی صوبائی کابینہ اور صدر کو مطمئن نہیں کر سکی تھیں۔صوبائی صدر ایمل ولی خان نے پارٹی آئین کے آرٹیکل 27 کے سیکشن ایک کے تحت سینیٹر ستارہ ایاز کی رکنیت ختم کرنے کی منظوری دی۔ایمل ولی خان کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ستارہ ایاز کا عوامی نیشنل پارٹی سے کوئی تعلق باقی نہیں رہا۔ستارہ ایاز کی اے این پی کی بنیادی رکینت کے خاتمے اور پارٹی سے نکالنے کے بعد عوامی نیشنل پارٹی کی ایوان بالا میں نمائندگی ختم ہو گئی ہے۔ستارہ ایاز ایوان بالا میں عوامی نیشنل پارٹی کی واحد رکن ہیں۔ستارہ ایاز نے بتایا کہ ابھی تک ان کو پارٹی کی جانب سے ان کی رکنیت کے خاتمے کے بارے میں کوئی تحریری اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اْنہیں میڈیا کے ذریعے ان کی رکنیت کے خاتمے کی اطلاع ملی ہے۔ستارہ ایاز کا کہنا تھا کہ جب انہیں تحریری طو ر پر اطلاع ملے گی تو تب وہ اپنا موقف اور آئندہ کا لائحہ عمل بتا سکیں گی۔عوامی نیشنل پارٹی کے عہدیداران کا موقف ہے کہ پارٹی رکنیت کے خاتمے کے بعد اب ستارہ ایاز کا اے این پی سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے۔ لہٰذا، انہیں ازخود پارٹی کی دی ہوئی سینیٹ کی نشست چھوڑنی چاہیے۔عہدیداران کے مطابق، ابھی تک پارٹی نے سینیٹ میں ستارہ ایاز کی رکنیت کے خاتمے یا منسوخی کے لیے چیئرمین سینیٹ کو ریفرنس بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔علاوہ ازیں پارٹی کے دیگر اراکین کو بھی نوٹس بھیجے گئے ہیں۔